سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات عمران گچکی نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے ضلع زیارت کے علاقے تنگیان میں بڑے پیمانے پر کلسٹر شجرکاری منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت 75 ایکڑ رقبے پر 13 ہزار 400 پودے لگائے گئے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کا مقصد جنگلات کی بحالی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی، ماحول کے تحفظ اور مقامی ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 25 ایکڑ رقبے پر جدید کلسٹر شجرکاری کو منظم قطاروں کی صورت میں مکمل کیا گیا، جبکہ 50 ایکڑ پر خشک علاقوں میں شجرکاری کے لیے مٹی کے پشتے بنا کر بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی تکنیک استعمال کی گئی، تاکہ کم بارش والے علاقوں میں پودوں کی افزائش اور بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکرٹری جنگلات نے بتایا کہ شجرکاری میں مقامی اور قیمتی اقسام کے پودے شامل کیے گئے ہیں جن میں توت، بادام، پستہ، آسمانی اور امریکن سری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ، زمین کے کٹا کی روک تھام اور مقامی آب و ہوا میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ زیارت بلوچستان کے اہم قدرتی اور ماحولیاتی خطوں میں شمار ہوتا ہے اور اس نوعیت کے منصوبے صوبے میں سبزہ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات صوبے بھر میں شجرکاری اور ماحول دوست اقدامات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے۔