صدر ن لیگ نے پنجاب اور وفاق میں عدم اعتماد کیلئے ترین سے حمایت مانگ لی
عدم اعتماد سمیت سیاسی فیصلے گروپ کی مشاورت سے کروں گا ،ترین کا جواب
ن لیگ نے خفیہ ملاقات کی تصدیق کر دی ،ترین گروپ کی تصدیق یا تردید سے انکار
اسلام آباد :قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ومسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ہونے والی خفیہ ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، شہباز شریف نے واضح انداز میں جہانگیر ترین سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر تعاون مانگا تھا مگر جہانگیر ترین نے اس تحریک کی مخالفت یا حمایت کرنے کی بجاے اپنے گروپ سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے تیز کر دیئے ہیں،شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان خفیہ ملاقاتوں بھی انکشاف ہوا ہے ،ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،دونوں رہنمائوں نے سیاسی روابط بحال رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے ،ن لیگ کے ذمہ داران نے دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم ترین گروپ کے رہنما ملاقات کی تصدیق یا تردید سے گریز کررہے ہیں،ن لیگ کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات چند دن قبل ہوئی تھی جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد تک جاری رہی ،ملاقات میں عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت سے متعلق ابھی جہانگیر ترین نے کوئی واضح جواب نہیں دیا، جہانگیر ترین کا موقف تھا کہ عدم اعتماد سمیت سیاسی فیصلے گروپ کی مشاورت سے کروں گا،شہباز شریف نے ترین سے عدم اعتماد کیلئے باضابط حمایت مانگی تھی۔#/s#