:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پورٹ قاسم اتھارٹی انتخابات میں پیپلز لیبر یونین کی کامیابی کو محنت کشوں کی فتح قرار دیاہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ پیپلز لیبر یونین کے نومنتخب سید لعل حسین شاہ اور جنرل سیکرٹری شیر محمد بلوچ سمیت تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی سی بی اے میں پیپلز لیبر یونین کی کامیابی کے لیے کاوشوں پر پیپلز لیبر بیورو کے صدر حبیب الدین جنیدی جنرل سیکرٹری سید فیاض شاہ اور کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلز لیبر یونین کے نومنتخب عہدیداران و کارکنان اب مزید جذبے اور عزم کے ساتھ محنت کریں گے اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے مزدوروں کو طاقتور بنائیں گے۔ انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے محنت کشوں سمیت ملک بھر کے مزدوروں سے مخاطب ہوکر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کی نمائندہ جماعت ہے، جو مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی خوشحالی کے ایجنڈا پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔