پاکستان کی تمام عدالتوں نے آپ کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا
بنی گالہ میں عدالت لگائیں،خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، پھر بھی جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مافیا اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے،چار سال میں الزامات کیوں ثابت نہیں کئے؟ چور کیوں ثابت نہ کرسکے؟،اب صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی، چار سال تمام طاقت ہونے کے باوجود آپ ایک الزام ثابت نہیں کر سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب چئیرمین کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا لیکن عدالت میں الزامات جھوٹ ثابت ہوئے، ایک ثبوت پیش نہ کرسکے۔پاکستان کی تمام عدالتوں نے آپ کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا ۔انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانوی عدالت نے آپ کے الزامات مسترد کئے ۔ہم نے چالیس سال کا حساب دیا، ایک الزام ثابت نہ ہوا ۔بنی گالہ میں عدالت لگائیں اور خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، پھر بھی جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے۔آپ اِس قوم کی مہنگائی ، قرضے ، معاشی تباہی اور بے روزگاری کے مجرم ہیں۔