شفاف امتحانی نظام کے لیے ڈپٹی کمشنر دکی کا ڈگری کالج کا دورہ؛ نقل کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی کا اعلان

وزیراعلی بلوچستان کے شفاف امتحانی نظام کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان نے گورنمنٹ ڈگری کالج دکی میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عمل، سیکیورٹی انتظامات اور نگرانی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانی ہالز میں موجود انتظامی عملے اور نگران اسٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو ہر صورت شفاف، منظم اور منصفانہ بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نقل کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ امتحانی نظام کو شفاف بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ طلبہ کی اصل صلاحیتیں سامنے آ سکیں اور میرٹ کا مکمل احترام یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پیش رفت اور انتظامی اقدامات دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں CCTV کیمروں کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے، جبکہ سپرنٹنڈنٹس اور نگران عملے کی باقاعدہ چیکنگ بھی سخت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی غیر قانونی معاونت یا بیرونی مداخلت کو فوری طور پر روکا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف افسران اچانک دورے کر کے امتحانی عمل کی نگرانی کریں گے۔ضلعی انتظامیہ نے والدین اور طلبہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ نقل کے رجحان کے خاتمے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایک صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شفاف امتحانی نظام ہی مستقبل میں قابل اور باصلاحیت افرادی قوت کی تیاری کی بنیاد ہے، اور اسی مقصد کے تحت ضلع دکی میں سخت اور موثر اقدامات جاری رہیں گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.