جو شخص خود کو وزیراعظم کہ رہا ہے اسے سمجھ بوجھ ہونی چاہیے:چوہدری پرویز الٰہی
پہلے شہباز شریف میرا بیان پڑھیں اور پھر جواب دیں،پہلے تولیں پھر بولیں:وزیراعلیٰ
ب حکومت نے وفاق سے گندم امپورٹ کرنے کی اجازت مانگی اور شہباز شریف نے نہیں دی۔پنجاب حکومت پرائیویٹ سیکٹر نہیں بلکہ گورنمنٹ آف پنجاب ہے:گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو
گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جو شخص خود کو وزیراعظم کہ رہا ہے اسے سمجھ بوجھ ہونی چاہیئے۔پہلے شہباز شریف میرا بیان پڑھیں اور پھر جواب دیں۔شہباز شریف کوچاہیئے کہ پہلے تولیں پھر بولیں۔ ان کا کام صرف بولنا رہ گیا ہے اور وہ تواتر سے جھوٹ میں مہارت رکھتے ہیں۔پنجاب حکومت نے وفاق سے گندم امپورٹ کرنے کی اجازت مانگی اور شہباز شریف نے نہیں دی۔پنجاب حکومت پرائیویٹ سیکٹر نہیں بلکہ گورنمنٹ آف پنجاب ہے۔وفاق عام آدمی کو گندم اور آٹے کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کی بھی کوئی مدد نہیں کی۔وفاقی حکومت نے ہمیں گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دے۔وفاقی حکومت نے دیگر صوبوں کو گندم دی، پنجاب کو نہیں دی۔ہم یہ ایشو سپریم کورٹ لے کر جائیں گے۔احساس پروگرام فلاح عامہ کا بہترین اور عمران خان کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔احساس پروگرام کے تحت 80لاکھ خاندانو ں کو 40 فیصد رعایت پر اشیائے ضروریہ دے رہے ہیں۔پنجاب احساس راشن پروگرام ٹارگٹڈ سبسڈی کی بہترین مثال ہے۔پنجاب حکومت نے اس پروگرام کیلئے اربوں روپے دیئے ہیں۔ مستحق خاندانوں کے ان کے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی جا رہی ہے۔احساس پروگرام کے تحت رجسٹر ہونے والے کریانہ سٹورز کو 10 فیصد کمیشن دیا جا رہا ہے۔اس پروگرام کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور غریب لوگوں کو سستی اشیاء مل رہی ہیں۔پنجاب میں اپوزیشن والے ہوا میں تیر چلاتے ہیں، انہیں چلانے دیں ہم پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔پنجاب میں ہمارے اراکین اسمبلی کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ نومنتخب اراکین اسمبلی پیر کو حلف اٹھائیں گے۔ہماری حکومت نے پانچ نئے ضلع بنائے ہیں اور یہ فیصلہ مشاور ت کے ساتھ کیا گیا ہے۔نئے اضلاع بننے سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔شریف خاندان نے 15 سال پنجاب پر حکمرانی کی لیکن گجرات پر کوئی پیسہ نہیں لگایا۔ہم 15 سال کی کمی ایک سال میں پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے جی ٹی روڈ سماں تا گجرات ڈنگہ دورویہ سڑک اورفلائی اوور کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے اولڈ جی ٹی روڈ گجرات تا لکھن والا دورویہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔سماں تا گجرات ڈنگہ دورویہ سڑک اورفلائی اوور کا منصوبہ 2ارب 83کروڑ روپے سے مکمل جائے گا۔ناصرف گجرات بلکہ دیگر شہروں کے شہری اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔فلائی اوور سمیت پورا پراجیکٹ جلد مکمل کریں گے۔اولڈ جی ٹی روڈ گجرات تا لکھن والا 29کلو میٹر دورویہ سڑک کے منصوبے پر 9ارب 11کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 4مرحلوں میں اس سڑک کو مکمل کیا جائے گا۔محرومیوں سے ترقی کایہ سفر اب کبھی نہیں روک سکتا۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، ایم این اے حسین الٰہی، ایم پی اے عبداللہ یوسف وڑائچ، کمشنر گجرات ڈویژن، آر پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔