گھی، چینی اور آٹا پورے خطے میں رعایتی نرخوں پر 85 سٹورز پر دستیاب ہے،ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن
ملتان: ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن: چوہدری سجاد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ریجن بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کے2لاکھ69ہزار600 صارفین حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی سے مستفید ہوئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گھی، چینی اور آٹا پورے خطے میں رعایتی نرخوں پر 85 سٹورز پر دستیاب ہے،جبکہ دالیں اور چاول بھی مارکیٹ کے مقابلے میں 10 سے 15 روپے فی کلو کم قیمت پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ مئی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد شہری یوٹیلٹی سٹورز سے خریداری کرچکے ہیں۔چوہدری سجاد نے مزید کہا کہ انہوں نے لمبی قطاروں سے بچنے کے لیے یو ایس سی سٹورز پر کائونٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جبکہ گرمی کے اس موسم میں صارفین کے بیٹھنے کے لیے بھی بہترانتظامات کیے گئے ہیں۔ ریجنل منیجرنے کہا کہ مستحق افراد کو سبسڈی والی اشیاکی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے ایریا منیجرز کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے فوائد شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔