ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تین ڈویژنز سبی، مکران اور نصیر آباد میں ڈویژن سپورٹس فیسٹیول کا آغاز 27 نومبر سے ہو گا جو 2 دسمبر تک جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک کے بعد دوسرے ڈویژن میں سپورٹس فیسٹیول منعقد کیے جارہے ہیں، ژوب، لورالائی اور قلات ڈویژن کے بعد اب تین اور ڈویژنوں میں سپورٹس فیسٹیول کا میلہ سجے گا ۔
انہوں نےکہا کہ بلوچستان کےہر ڈویژن میں کھلاڑیوں کو مواقع دینا محکمہ کھیل کی اولین ترجیح ہے اور ڈویژن سطح پر فیسٹیول کا مقصد انہیں اپنی مہارت دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
مکران ڈویژن سپورٹس فیسٹیول تربت میں، سبی ڈویژن سپورٹس فیسٹیول سبی میں جبکہ نصیرآباد ڈویژن سپورٹس فیسٹیول نصیرآباد میں منعقد ہوگا اور ہر ڈویژن میں متعلقہ تمام اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی، تینوں سپورٹس فیسٹیولز میں دس مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں کرکٹ، فٹبال، ٹیبل ٹینس، شوٹنگ والی بال، باکسنگ، بیڈمنٹن و دیگر سمیت ثقافتی کھیل ملاکھڑا بھی شامل ہے، سکول لیول پر طالبات کیلئے بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ و دیگر گیمز شامل ہیں ہر گیم کے اختتام پر کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفیکٹس دیئے جائیں گے، تینوں فیسٹیولز کے اختتام پر اختتامی تقاریب منعقد کی جائیں گی جس میں موسیقی کے ساتھ آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔