قرض لینے کا طعنہ دینے والے اپنے دور کے 95ارب ڈالر کے قرضے اتارنے کاحل بھی بتائیں مرکزی رہنما
لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمارے لئے تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ چھوڑ کر گئی ،اپوزیشن کی جانب سے یہ طعنہ تودیا جاتا ہے کہ حکومت قرضے لے رہی ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کے دور کے 95ارب ڈالر کے قرضے کیسے اتارنے ہیں اس کا حل بھی تو بتائے ؟،تحریک انصاف تو پہلی بارحکومت میںآئی ہے اورہم قرضے لے کر ان کے قرضے اتار رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور میں ڈسکائونٹ ریٹ 18فیصد کی سطح تک گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میںبھی 14فیصد ریکارڈ پر موجودرہا ،ماضی میں روپے کو جان بوجھ کر اوور ویلیو رکھا گیا جس کا خمیازہ پوری قوم نے بھگتا ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے وفاق میں چار ،چارباریاں لی ہیں ،تحریک انصاف توپہلی بار حکومت میں آئی ہے ،مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت 95ارب ڈالرکا بیرونی قرضہ چھوڑ کر گئی ہے ، ہم قرضوںکا دوتہائی ان کے قرضوں اورسود کی مدمیں اد اکر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کومضبوط بنیادوں پر کھڑا کر رہی ہے ، وزیر اعظم عمران خان کا وژن اور عز م ہے کہ ہم نے اپنی معیشت کو بیرونی قرضوں کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے اوراس کے لئے دن رات کاوشیں جاری ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ قرض لے کر قرضے اتارنے کی روایت کو توڑا جائے اور اس کے لئے ساری توجہ معیشت کو مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز ہے ۔