میر ضیا اللہ لانگو اور ہاشم مہترزئی تنازعہ: فریقین نے لشکری رئیسانی اور دیگر معتبرین کو ثالثی کا اختیار دے دیا ّسیاسی و قبائلی عمائدین پر مشتمل ثالثی کمیٹی تشکیل، سراوان ہاؤس میں پہلا اجلاس آج طلب

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو اور ملک محمد ہاشم مہترزئی کے درمیان جاری تنازعے کے حل کیلئے فریقین نے نوابزادہ حاجی میر حاجی لشکری خان رئیسانی ، میر کبیر محمد شہی اور دیگر سیاسی و قبائلی معتبرین کو ثالثی کا اختیار دے دیا ۔جمعرات کو سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی سربراہی میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی ، سابق صوبائی وزیر میر عارف جان محمد حسنی ، رکن بلوچستان اسمبلی خیر جان بلوچ ، سابق بیوروکریٹ نصیب اللہ خان بازئی ، سابق نگران صوبائی وزیر یحیی خان ناصر ، نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی میرعطا محمد بنگلزئی ، ٹکری حمید بنگلزئی ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سردار رشید خان ناصر ، سید امر الدین آغا سمیت دیگر قبائلی عمائدین پر مشتمل وفد نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو اور قبائلی رہنما ملک محمد ہاشم خان مہترزئی کی رہائش گاہوں پر جاکر ان سے ملاقات کی ، ملاقاتوں میں فریقین نے جاری تنازعے کے پرامن تصفیہ کیلئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور دیگر سیاسی و قبائلی عمائدین کو اختیار دئے دیا ۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور دیگر معتبرین نے فریقین کو تنازعے کو مزید آگے بڑھانے سے روکنے پر آمادہ کرتے ہوئے دعا خیر کی ۔ نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے فریقین کے درمیان پرامن تصفیہ کیلئے اپنی سربراہی میں میر کبیر احمد محمد شہی ، ملک نصیر شاہوانی ، نصیب اللہ بازئی ، یحیی خان ناصر ، سید امر الدین آغا ، ٹکری حمید بنگلزئی ، حاجی میر عطا محمد بنگلزئی ، رشید خان ناصر ، میرعارف جان محمدحسنی ، خیرجان بلوچ پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے ، کمیٹی کا پہلا اجلاس آج (جمعہ 27 مارچ کو) شام پانچ بجے سراوان ہاوس میں ہوگا ۔
نوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی نے فریقین سے درخواست کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف اشتعال انگیزی سے گریز کریں تاکہ تنازع کو پرامن طریقے سے حل کیا جاسکے

Leave A Reply

Your email address will not be published.