پاکستان میں اقلیتوں کو ملنے والے حقوق، مذہبی آزادی کی دیگر ممالک میں مثال نہیں ملتی،گورنربلوچستان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو جو حقوق، مذہبی آزادی اور سماجی احترام حاصل ہے اس کی پورے خطے کے دیگر ممالک میں مثال نہیں ملتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) مینارٹی ونگ طارق گل کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق، پارلیمانی نمائندگی اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ سمیت ملک اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنربلوچستان نے کہا کہ ہمارا 1973 کا آئین اقلیتوں کو مساوی شہریت فراہم کرتا ہے جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں قانون سازی کے عمل میں تمام اقلیتوں کے حقوق، آزادی اظہار اور سیاسی شرکت کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل کا حصہ بنانے کے ساتھ ساتھ پشتون بلوچ کی شاندار قومی اقدار اور روایات نے تمام اقلیتی برادریوں کو ضلعی سطح پر بھی سماجی سرگرمیوں میں شامل رکھا ہے جس سے ان میں خوشگوار تعلقات اور مضبوط اتحاد کا جذبہ برقرار ہے جو ہماری ملکی اور قومی سربلندی کا ثبوت ہے۔ گورنر بلوچستان نے یقین دلایا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ بھی مسیحی برادری کے جائز حقوق و مطالبات کو پورا کرنے کےلئے کوششیں کرے گی۔

گورنر نے ملک اور صوبہ میں امن اور ہم آہنگی کو بڑھانے کےلئے اختلاف رائے کے احترام، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بلوچستان کے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بالخصوص مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صوبے کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔وفد میں قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر مینارٹی ونگ عامر مسیح ۔ زکریا پیٹرک، بیگم پیٹرک سینٹ مسیح، معراج مسیح، یوحنا کھوکھر و دیگر عہدیداران شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.