ڈیرہ بگٹی کے علاقے لوٹی میں کرکٹ گراونڈ کی تزئین و آرائش اورتعمیر و مرمت کا کام مکمل
(روزنامہ ہمت ) تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان بمبور رائفلز کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کیلئے لوٹی میں موجود کرکٹ گراونڈ کی تزئین و آرائش اورتعمیر و مرمت کا کام مکمل کیا گیا۔ فرنٹیئر کور کی جانب سے گراونڈ کی حفاظت کے لیے مظبوط چاردیواری کی تعمیر اور عوام کے داخلے کیلئے مین گیٹ نصب کیا گیا ہے۔ تعمیراتی کام میں کرکٹ پچ، گراونڈ کی خوبصورتی کیلئے چاروں طرف دیواروں پر رنگ و روغن ، بلوچستان کی ثقافت اور تاریخ کو اجاگر کرنے کیلئے دیواروں کے بیرونی حصے پر آرٹس و پینٹنگز کی نمائش، تماشائیوں کے بیٹھنے کیلئے ساہہ دار شیڈ اور پینے کے پانی کیلئے فلٹریشن پلانٹ بھی نصب کیا گیا ہے۔ تعمیراتی اور رنگ و روغن کے عمل کو سرانجام دینے کیلئے ایف سی جوانوں کے ساتھ لوٹی میں کرکٹ کے کھیل سے رغبت رکھنے والے نوجوانوں نے بھر پور حصہ لیا۔ گراونڈ کی تعمیر پر کرکٹ کے شائقین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کی عوام ایف سی بلوچستان کی جانب سے کرکٹ گراونڈ کی تعمیر و مرمت اور ضروری اشیا کی فراہمی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انھوں نے ایف سی کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوٹی اور گردونواح کے جوانوں کو کارآمد شہری بنانے اور ان کا حوصلہ بڑھانے میں یہ عمل انتہائی اہم کردار ادا کرے گا انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نے کسی بھی قسم کے معروضی حالات میں چاہے وہ قدرتی آفات ہوں یا عوام کی فلاح و بہبود کے لئے منصوبہ ہوں ان میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے جن کے لیے ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں