اسلام آباد: موسم سرما سر پر ہے، ایل این جی اور ایل پی جی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کے لیے گیس کا بحران سردیوں میں شدید ہوسکتا ہے۔
سابقہ حکومتیں گیس کے بحران سے بچنے کے لیے سردیوں میں ایل این جی کو ترجیح دیتی رہی ہیں تاہم موجودہ حکومت نے سردیوں میں صارفین کو ایل این جی کی فراہمی کے لیے کوئی انتظامات نہیں کرسکی۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ ( پی ایل ایل ) نے ایل این جی کی درآمد کے لیے ٹینڈر ضرور جاری کیے تھے مگر ابھی تک ایل این جی کارگو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
سابقہ حکومت نے بھی اس سلسلے میں کوششیں کی تھیں مگر ایک لابی نے ایل این جی ٹرمینل کی اضافی گنجائش مختص کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیا تھا۔ موجودہ حکومت پی جی پی سی ایل این جی ٹرمینل کی زائد گنجائش نجی شعبے کیلیے مختص کرنے کے سلسلے میں سنجیدہ کوششیں نہیں کررہی۔