امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اورماڑہ کے پسماندہ علاقیمًل کا دورہ کیاجہاں پہنچنے پر علاقہ مکینوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اہلِ علاقہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی منتخب ایم پی اے نے ان کے علاقے کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گوادر میں کئی ایسے علاقے موجود ہیں جو طویل عرصے سے بنیادی سہولیات،ترقی سے محروم ہیں اور ان کی ترقی و خوشحالی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پسماندہ علاقوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا بلکہ مرحلہ وار بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دورے کے دوران ایم پی اے گوادر نے علاقے کے لیے بنیادی صحت مرکز(BHU) قائم کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بجٹ میں اس منصوبے کو باقاعدہ شامل کیا جائے گاتاکہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات ان کے اپنے علاقے میں میسرآسکے۔علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں ایک اسکول کا منصوبہ کافی عرصہ قبل شروع کیا گیا تھا جو گزشتہ دو سال سے التواء کا شکار ہے۔
اس پر مولانا ہدایت الرحمان نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور اسکول کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس کے علاوہ علاقہ مکینوں نے واٹر سپلائی کے مسئلے کی نشاندہی بھی کی، جہاں ایک پرانی پانی کی ٹینکی خستہ حالی کا شکار ہے۔ایم پی اے گوادرمولاناہدایت الرحمان بلوچ نے ٹینکی کی مرمت اور واٹرسپلائی نظام کو بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پرحق دو تحریک بلوچستان کے ضلعی کابینہ کے اراکین اکرم فدا،بابر شہزاد، ڈسٹرکٹ کور ٹیم کے شریف میانداد، نوید محمد اور مرکزی رہنما عزیز اسماعیل بھی مولانا ہدایت الرحمان کے ہمراہ موجود تھے۔