لاہور ( سپورٹس ڈیسک) بنگلا دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن بھارت میں ہندو برادری کی تقریب میں شرکت کے بعد ملنے والی دھمکیوں کے نتیجے میں عوام سے معافی مانگنے پر مجبور ہو گئے ۔ کولکتہ میں ہندوؤں کی تقریب میں شکیب الحسن کی شرکت کے بعد بنگلا دیش میں سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا اور ان کے خلاف ٹرینڈ زیر گردش کرنے لگے تھے ۔ شکیب نے پیر کو آن لائن فورم پر معافی مانگتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ میں سٹیج پر بمشکل دو منٹ کیلئے موجود تھا، لوگ اس بارے میں بات کررہے ہیں اور یہ سمجھ رہے ہیں کہ میں نے اس کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک باشعور مسلمان ہونے کے ناطے مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا ، میں اس کیلئے معذرت خواہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں۔آل راؤنڈر نے کہا کہ ایک باعمل مسلمان کی حیثیت سے میں نے ہمیشہ مذہبی عقائد پر عمل کرنے کی کوشش کی، اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو براہ مہربانی مجھے معاف کردیں۔