سولر اور ایل پی جی پراجیکٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس

کوئٹہ۔وزیراعلی بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری اسفندیار خان کی زیر صدارت محکمہ توانائی کے رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل نئے اور جاری منصوبوں پر پیش رفت اور بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی سمیت سولر اور ایل پی جی پراجیکٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس یہاں وزیراعلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی صالح محمد بلوچ، بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید فراصت شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ محکمہ توانائی کے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں مجموعی طور پر 119 اسکیمیں شامل ہیں جس میں 48 جاری منصوبے اور 71نئے منصوبے ہیں۔جاری اسکیموں کی اتھارئزیشن اور فنڈر کی اجراء کا عمل جاری ہے۔بریفنگ میں محکمہ توانائی کے نئے بڑے منصوبہ جات جن میں گیس کی فراہمی، ایل پی جی ٹرمینل کی تنصیب ،سولر پاور پارکس کے قیام ،دیہی علاقوں میں ایل پی جی /ایل این جی کی فراہمی اور سرد علاقوں میں سولر گیزر کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بلوچستان انرجی کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی اور اس کے قلیل و طویل مدتی پروجیکٹس اور سوئی مائننگ لیز پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تفتان میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے لئے فزیبلٹی اسٹیڈی دو ہفتوں میں مکمل کر لی جائے گی جبکہ انر ٹیک کے ساتھ ایکوئٹی شئیر ایگریمنٹ پر دستخط کئے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں توانائی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی کی فزبیٹلی کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اسفندیار خان نے اس امر پر زور دیا کہ تمام منصوبہ جات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے ٹائم لائن مقرر کرکے انہیں فاسٹ ٹریک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا ویژن ہے کہ دبئی ایکسپو میں بلوچستان میں آئل ٹرمینل اور پیٹروکیمیکل انڈسٹری کے فروغ کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.