جیکب آباد میں یومِ نجات پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، شہداء کو خراجِ عقیدت

جیکب آباد: قومی امن کونسل (آر) ہیومن رائٹس کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے زیر اہتمام یومِ نجات کے موقع پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور شہداء و غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ریلی نکالی گئی۔

مرکزی چیئرمین راشد علی بلیدی، مرکزی وائس چیئرمین غلام اصغر مغیری اور ضلعی صدر جیکب آباد سید زبیر شاہ کی قیادت میں ریلی حبیب چوک میں واقع مرکزی دفتر سے ڈی سی چوک تک نکالی گئی۔ ریلی میں تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس اداروں، پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر راشد علی بلیدی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی، ملکی استحکام اور امن کے تحفظ کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

راشد علی بلیدی نے یومِ نجات کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور قومی یکجہتی ہر چیز پر مقدم ہے۔ انہوں نے ملک میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قومی امن کونسل ملک میں امن، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.