نور خان بگٹی اور ساتھیوں کی واپسی بلوچستان میں امن کی کوششوں کے لیے مثبت پیش رفت .

معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ ڈیرہ بگٹی میں فراری کمانڈر نور خان بگٹی کی اپنے ساتھیوں اور خاندان سمیت واپسی امن و استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔

اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق کے بجائے امن، ترقی، تعلیم اور خوشحالی سے وابستہ ہے۔ فراری عناصر کی قومی دھارے میں واپسی اس امر کی اہمیت اجاگر کرتی ہے کہ امن، مفاہمت اور ترقی کے راستے کھلے رہنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ریاست سے وابستگی، آئین و قانون کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی پائیدار امن کے بنیادی تقاضے ہیں۔

بابر یوسفزئی کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں ہونے والی پیش رفت سے علاقے میں اعتماد کی فضا بہتر بنانے اور امن کی کوششوں کو تقویت ملنے کی امید ہے۔ بلوچستان میں دیرپا امن کے لیے ریاستی رٹ برقرار رکھنے، مذاکرات کو فروغ دینے اور عوام کا اعتماد مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو پُرامن مستقبل فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ کی امن دوست پالیسیوں کا مقصد صوبے کے عوام کو محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل فراہم کرنا ہے۔

معاون برائے داخلہ نے امید ظاہر کی کہ نور خان بگٹی اور ان کے ساتھیوں کی واپسی علاقے میں امن، مفاہمت اور ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.