اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ایسے شخص کو توسیع دی جارہی ہے جو پاکستان اور احتساب نہیں بلکہ عمران خان کے لئے نوکری کرتا ہے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج تین سال میں اس حکومت کی کرپشن کے چرچے میڈیا پر ہیں مگر چیئرمین نیب کو نظر نہیں آتے، پورے ملک میں نیب آرڈیننس کا بہت چرچا ہے ابھی تک جاری ہوا ہے یا نہیں معلوم نہیں، صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں اس کے چیدہ چیدہ نکات شیئر کئے ہیں، جب پارلیمان موجود ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کا جاری اجلاس ختم کرکے آرڈیننس لایا گیا، یہ آرڈیننس کالا قانون ہے، مسائل کی بنیادی وجہ نیب قانون اور اس کا چیئرمین ہے۔ ایسے شخص کو توسیع دی جارہی ہے جو پاکستان اور احتساب نہیں بلکہ عمران خان کے لئے نوکری کرتا ہے۔