کوئٹہ (روزنامہ ہمت) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی ترقی کا راز جدید تعلیم میں ہی پنہاں ہے. نظام تعلیم اور نصاب تعلیم کی بہتری کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام کے حقوق کی پاسداری جن قوموں کی ترجیح ہو تو وہی اقوام آگے جا کر ترقی کی نئی منازل طے کرنے میں سْرخرو ہوجاتی ہیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر حمید خان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. وفد میں بلوچستان ایجوکیشن فاونڈیشن کے ایم ڈی پروفیسر شیر زمان، پروفیسر عبدالرزاق اْلفت، پروفیسر محمد طارق بلوچ اور پروفیسر امجد حسین بھی شامل تھے. ملاقات کے دوران تعلیمی نظام کی بہتری، بلوچستان کالج پروفیسرز ہاوسنگ اسکیم، یکساں تعلیمی کی تشکیل کے امکانات اور تعلیم نظام میں بہتری لانے کی مناسبت سے قومی سطح پر ایک سیمینار کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ تعلیم نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ہمارے اساتذہ کا کردار اور رہنمائی مددگار ثابت ہو سکتی ہے. انہوں نے کہا کہ شرح خواندگی میں اضافہ کرنے اور صوبہ کے دورافتادہ اضلاع کے غریب طلباء و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے اہداف حاصل کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام پر بھی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔