فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ اور بلوچستان باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کوئٹہ میں تن سازی کا مقابلہ ۔ مسٹر بلوچستان, مسٹر کوئٹہ اور دیگر ٹائٹلز کے مقابلوں میں 580 سے زائد باڈی بلڈرز شریک ۔
فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ نے بلوچستان باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے مسٹر بلوچستان، مسٹر کوئٹہ اور دیگر جونئیر ٹائٹلز کے حصول کے لئے نوری نصیر خان آڈیٹوریم کوئٹہ میں تن سازی کا مقابلہ منعقد کیا ۔ مقابلے میں بلوچستان باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کےچیف ارگنا ئزر عبدالرازق خلجی کی سربراہی میں 584 باڈی بلڈرز نے مختلف باڈی ویٹ میں تن سازی کا مظاہرہ کیا ۔ مختلف باڈی ویٹ کے مقابلوں میں تن سازوں نے مختلف پوز بناتے ہوئے اپنی جسمانی طاقت کی نمائش کی۔ مختلف کیٹیگریز کے منعقد مقابلوں میں مسٹر بلوچستان کا تاج محمد ہاشم خان اور مسٹر کوئٹہ کا تاج عظیم خان کے سر سجا۔
تن سازی کا مقابلہ دیکھنے کیلئے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تن سازی کے شائقین اور عام عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کمانڈنٹ چلتن رائفلز کرنل غضنفر علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر مہمانان خاص میں انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، ملک خان ولی ناصر اور سیکرٹری پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور بھی موجود تھے ۔
مہمان خصوصی کمانڈنٹ چلتن رائفلز کرنل غضنفر علی اور دیگر مہمانان نے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور انعامات تقسیم کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ چلتن رائفلز کرنل غضنفر علی نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کے صحت مند مستقبل کیلئے کوشاں ہے۔
کوئٹہ اور صوبے کے دیگر حصوں سے شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کی جانب سے کوئٹہ میں تن سازی کے مقابلے کے انعقاد کو خوش آئند قراردیتے ہوئے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے حکام کی مختلف سپورٹس ایونٹس میں دلچسپی کو خراج تحسین پیش کیا ۔