کراچی: شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی رات کے وقت غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 سے 14 گھنٹے تک جاپہنچا۔
لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں دن میں چار مرتبہ ساڑھے تین سے چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ بقیہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 14 گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔
نارتھ کراچی، سرسید ٹاؤن، یوپی موڑ، کینٹ ریلوے کالونی، اسکیم 33، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، گلشن معمار، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد،کورنگی، اورنگی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، سرجانی، بھینس کالونی، گارڈن، کھارادر، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، ابراہیم حیدری، منوڑہ، قائد آباد، ملت ٹاؤن، معین آباد اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے قائم کردہ سائٹ، کورنگی اور بن قاسم پاور پلانٹس سے بجلی کی مطلوبہ پیداوار میں کمی آئی ہوئی ہے۔
دریں اثنا ماڈل کالونی شیٹ 12 اور میرٹھ سوسائٹی میں 8 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈننگ کے باعث علاقے میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا۔