اسلام آباد : پاکستان کے 20 سالہ کوہ پیما شہروز کاشف نے 8 ہزار 80 میٹر بلند گیشربرم ون چوٹی سر کرلی ہے ،جس کے بعد وہ 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے۔ میڈیا ذرا ئع کے مطابق شہروز کے والد نے بتایا کہ پاکستانی کوہ پیما 4 بج کر 9 منٹ پر سمٹ پر پہنچے،شہروز نے برطانوی کو ہ پیما “ایڈریانا بروانلی “کا ریکارڈ 12روز میں توڑ دیا،”ایڈریانا “نے 30 جولائی کو 10 بلند ترین چوٹیاں 21 سال کی عمر میں سر کی تھیں۔شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنیوالے صرف دوسرے پاکستانی ہیں۔ واضح رہے کہ شہروز کاشف کی نظریں تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما کے ریکارڈ پر ہیں۔یاد رہے کہ شہروز نے 2019 میں براڈ پیک کو سر کیا تھا جبکہ 2021 میں انہوں نے ایوریسٹ ،کے ٹو اور مناسلو کی چوٹیاں سر کی تھیں۔اس سال شہروز نے کن چنجونگا ، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت اور گیشربرم ٹو بھی سر کر چکے ہیں جبکہ ان کے ساتھ امتیاز سدپارا اور ساجد علی سدپارا نے بھی جی ون سر کی۔