:وفاقی وزیر صنعت و تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ’’پہلی تین روزہ میڈ ان پاکستان جدہ ‘‘نمائش پانچ سے سات فروری کو جدہ میں ہوگی۔ پیر کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ’’پہلی میڈ ان پاکستان نمائش جدہ ‘‘تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جدہ میں میڈ ان پاکستان نمائش پاکستان کی صنعتی مہارت اجاگر کرے گی اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لئے پہلی میڈ ان پاکستان نمائش منعقد ہو گی۔
جام کمال نے کہا کہ 125 نمائش کنندگان مختلف صنعتوں کی نمائندگی کریں گے اور تین روزہ نمائش، بی ٹو بی اجلاس اور گالا ڈنر جدہ میں منعقد ہوگا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ نمائش میں ٹیکسٹائل، لیدر، زراعت، دوا سازی اور آئی ٹی سمیت کئی شعبے شریک ہوں گے اور بی ٹو بی سیشنز میں کاروباری تعلقات استوار کرنے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے کامیاب انعقاد کے لئے سعودی عرب کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جام کمال نے کہا کہ ویڈیو پروموشن سمیت میڈیا مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
اور نمائش کے دوران بڑے پیمانے پر کاروباری معاہدوں کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی صنعتوں میں سعودی عرب اور خطے کی مضبوط دلچسپی کا اظہار کیا ہے ،نمائش سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔