نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری برائے انسانی حقوق اور اقلیتی فورم پاکستان/ بلوچستان کے صوبائی صدر انیل غوری نے پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔ملاقات میں اقلیتی فورم پاکستان کی فعالیت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس سلسلے میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، انہیں درپیش معاشی و سماجی مسائل، اور بلوچستان میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اقلیتوں کے کردار پر بھی غور کیا گیا۔انیل غوری نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتیں ملک کی ترقی اور سماجی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ان کے حقوق، نمائندگی اور مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار نے بھی اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مشترکہ طور پر ایسے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا جو صوبے میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی بہتری کا سبب بن سکیں۔انیل غوری نے آخر میں امید ظاہر کی کہ باہمی مشاورت اور سنجیدہ پالیسی سازی کے ذریعے بلوچستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید مضبوط اقدامات سامنے آئیں گے۔