ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے سادگی، کفایت شعاری اور اپنے جوانوں سے قربت کی ایک خوبصورت مثال قائم کرتے ہوئے افطار کے موقع پر بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کے ساتھ افطار ڈنر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بغیر کسی رسمی پروٹوکول کے جوانوں کے درمیان بیٹھ کر نہایت سادہ اور دوستانہ انداز میں افطار کیا اور ان کے ساتھ گھل مل کر وقت گزارا۔
افطار کے دوران ایڈیشنل آئی جی پی نے جوانوں سے براہِ راست گفتگو کی اور ان کے پیشہ ورانہ امور، درپیش مسائل اور دیگر مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہی حاصل کی۔ جوانوں نے کھل کر اپنے مسائل بیان کیے جس پر ایڈیشنل آئی جی پی نے نہ صرف انہیں غور سے سنا بلکہ موقع پر ہی متعدد مسائل کے حل کے لیے فوری احکامات بھی جاری کیے۔
اس موقع پر اشفاق احمد نے کہا کہ فورس کے جوان بلوچستان کانسٹیبلری کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، سہولیات اور پیشہ ورانہ مسائل کا حل ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران اور جوانوں کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور مضبوط رابطہ فورس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوانوں کے مسائل کو سننا اور انہیں حل کرنا قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔جوانوں نے ایڈیشنل آئی جی پی کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ اعلی افسر کا اس طرح بغیر پروٹوکول کے ان کے درمیان بیٹھ کر افطار کرنا اور ان کے مسائل سننا ان کے حوصلے اور اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے۔
جوانوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے جس سے فورس کے اندر اتحاد، ہم آہنگی اور جذبہ خدمت مزید مضبوط ہوگا۔ ایڈیشنل آئی جی پی کے اس سادہ اور دوستانہ طرز عمل سے بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اپنے کمانڈر کے ساتھ اس یادگار لمحے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔