کمشنر مجیب الرحمن قمبرانی کا دورہ بارکھان، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن رکھنی مجیب الرحمن قمبرانی کا بارکھان کا اہم دورہ، ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ کمشنر کی آمد پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ اور ایس پی مولاداد کنرانی نے پرتپاک استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کر کے انہیں خوش آمدید کہا۔
دورے کے دوران کمشنر مجیب الرحمن قمبرانی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع بھر کے انتظامی امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
کمشنر مجیب الرحمن قمبرانی نے واضح اور دوٹوک انداز میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور ناقص معیار ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہیں بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ایف آئی آر درج کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کو اولین ترجیح دی جائے اور سرکاری افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر حکمرانی کا اصل معیار عوام کی خدمت اور ان کی مشکلات کا بروقت ازالہ ہے۔
کمشنر نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے داخلہ مہم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کے لیے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا، جس پر اجلاس کے شرکا نے خوشی کا اظہار کیا۔دورہ بارکھان کے دوران کمشنر کی جانب سے سخت اور واضح پیغام نے ضلعی انتظامیہ میں نئی جان ڈال دی ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.