لاک ڈاؤن کے خاتمے میں تاجر برادری کے اتحاد، جدوجہد اور مشترکہ مؤقف نے اہم کردار ادا کیا،مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے زیر اہتمام لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد تاجر برادری اور تنظیم کے عہدیداران و ممبران کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب صوبائی سیکریٹریٹ آفس، کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مختلف بازاروں اور تجارتی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر صدر سید عبدالقیوم آغا، چئیرمین سید یاسین آغا، ترجمان کاشف حیدری، قلعہ سیف اللہ کے صدر مولوی شمس الدین جوگیزئی، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی قیصر کاکڑ، حاجی موسیٰ جان خلجی، احسان الدین خلجی، حاجی عطا جان اچکزئی، منان ہاشمی، کلیم اللہ داوی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے میں تاجر برادری کے اتحاد، جدوجہد اور مشترکہ مؤقف نے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ شہر کے امن، کاروباری استحکام اور عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کی جائے گی۔ مقررین نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنایا جائے گا تاکہ ہر بازار اور ہر تاجر کی مؤثر نمائندگی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ اور تاجروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے دوران مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے عہدیداران کو لاک ڈاؤن کے دوران شاندار کارکردگی، تاجر حقوق کے لیے مؤثر جدوجہد اور کامیاب قیادت پر ہار پہنائے گئے جبکہ شرکائ نے بھرپور انداز میں تنظیمی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر تاجر اتحاد کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.