جعفرآباد میں سرکاری واجبات کی وصولی تیز کرنے کا فیصلہ، نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی سے متعلق اجلاس میں بقایاجات، موجودہ وصولی اور جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ افسران نے مختلف علاقوں میں جاری وصولی مہم اور درپیش مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

خالد خان نے ہدایت کی کہ زمینداروں اور کاشتکاروں سمیت تمام نادہندگان سے سرکاری واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے اور بقایا جات رکھنے والے افراد کو فوری نوٹس جاری کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بار بار نوٹس کے باوجود واجبات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ریونیو ریکارڈ کو مکمل طور پر تازہ رکھنے اور وصولی کی پیش رفت کا روزانہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری آمدن میں اضافہ ضلعی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اہم ہے، اس لیے وصولی کے عمل میں سفارش، دباؤ یا امتیازی سلوک کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.