لسبیلہ، 17 ستمبر 2026ء: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس میں اجلاس ہوا، جس میں موجودہ مون سون سیزن کے دوران کم بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال اور قحط سالی کے خدشے سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس پاک مشن سوسائٹی کے تعاون سے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم لسبیلہ کے تحت منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے مختلف محکموں کے سربراہان و افسران اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
شرکاء نے رواں مون سون سیزن میں توقع سے کم بارشوں اور خدانخواستہ قحط سالی کی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں اور فلاحی اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا پانی کی قلت سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پیشگی مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔