اُستا محمد، 29 ستمبر 2026: ڈائریکٹر جنرل محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ حکومت بلوچستان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اُستا محمد سے ملاقات کی، جس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف سیل کیے گئے گندم کے گوداموں اور نیلام شدہ گندم کو کامیاب بولی دہندگان کے حوالے کرنے کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے دوران سیل کیے گئے گوداموں میں موجود گندم کی نیلامی کی جاچکی ہے، تاہم نیلام شدہ گندم کامیاب بولی دہندگان کے حوالے کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی معاونت درکار ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ گودام مالکان کو قانونی نوٹس جاری کیے جائیں گے اور انہیں نیلام شدہ گندم کامیاب بولی دہندگان کے حوالے کرنے کا پابند کیا جائے گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ نوٹس کے باوجود گندم حوالے نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
ملاقات میں ڈپٹی کمشنر شجاعت علی کھوسہ، اسسٹنٹ کمشنر اُستا محمد ماریہ شمون اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ضلعی انتظامیہ نے نیلام شدہ گندم کامیاب بولی دہندگان کو حوالے کرنے اور قانونی کارروائی کے سلسلے میں محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔