بلوچستان کی خدمت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، غلام نبی مری
سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین اور صوبائی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، بی بی این پی
سیاسی جماعتوں کے کنونشنز اور کانگریس جمہوریت کے فروغ اور مثبت سیاسی سرگرمیوں کے لئے ایک لازمی عمل ہے
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری، ملک محی الدین لہڑی، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی اور نسیم جاوید ہزارہ نے اپنے ایک بیان میں نیشنل پارٹی کو ساتویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد اور نو منتخب مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سیکریٹری جنرل میر کبیر محمد شہی، مرکزی انفارمیشن سیکریٹری علی احمد لانگو، صوبائی صدر اسلم بلوچ، جنرل سیکریٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈوکیٹ اور دیگر مرکزی قائدین، سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین اور صوبائی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی یہ ایک اچھی روایت رہی ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو اس طرح کی سیاسی سرگرمیوں اور پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے تربیت کرتی ہیں تاکہ انہیں مستقبل میں درپیش چیلینجز کے لئے تیار کیا جا سکے۔ سیاسی جماعتوں کے کنونشنز اور کانگریس جمہوریت کے فروغ اور مثبت سیاسی سرگرمیوں کے لئے ایک لازمی عمل ہے جہاں قومی اور بین الآقوامی حالات و واقعات اور معروضی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کرنے کا موقع فراہم کر کے سیاسی کارکنوں کو ان سے نبٹنے، درست فیصلہ کرنے اور ٹیم ورک کے تحت کام کرنے کی بھی تربیت ہوتی ہے۔ انہوں نے نئے منتخب شدہ مرکزی اور صوبائی کابینہ اور سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران سے اس امید اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ بلوچ قوم اور بلوچستان کی خدمت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور سچائی کیساتھ نئی نسل میں سیاسی شعور کو اجاگر کرنے کے لئے دن رات محنت کریں گے۔