لاہور:پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف لیجنڈری اداکار مسعود اختر 80برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔مسعود اختر 36روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے کچھ عرصہ قبل مسعود اختر میں پھیپڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی ۔مسعود اخترکے اکلوتے بیٹے کا انتقال5ماہ قبل ہو ا تھا، تفصیلات کے مطابق ان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ مسعود کی طبیعت شدید خراب ہونے پر ان کو جمعے کے روز گنگا رام ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا یہ کئی دنوں سے کھانا پینا چھوڑ چکے تھے۔1 ماہ قبل ان کی اہلیہ نے بتایا تھا کہ مسعود اپنے اکلوتے بیٹے سے بہت محبت کرتے تھے اور جب سے وہ دنیا سے گیا ہے یہ ڈپریشن کا شکار ہوگئے ہیں۔ ان کو ہر وقت صرف صاحبزادے کی یاد ستاتی رہتی ہے۔ واضح رہے کہ اداکار مسعود اختر نے 5 ستمبر 1940کو ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ 1960میں فن کارانہ زندگی کا آغاز کیا اور جلد ہی اسٹیج کے مشہور اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔ ان کے فن کو نکھارنے میں نذیر ضیغم نے بڑا نمایاں کردار ادا کیا۔ ٹیلی وڑن کے متعدد ڈراموں میں بھی کام کیا، چند فلمیں بھی کریڈٹ پر ہیں۔حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2005کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا۔