سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کا شور شرابا، ایوان سے واک آؤٹ

 اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن شور شرابا کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئی۔

ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں جماعت اسلامی کے رکن سینیٹر مشتاق احمد نے وقفہ سوالات کے دوران وزیر کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر موصوف یہاں کیوں نہیں، کیا ہم فارغ ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ منسٹر کی دیکھا دیکھی سیکرٹریز بھی نہیں آتے۔

قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جواب دیا کہ ہیلتھ کا وزیر نہیں بلکہ معاون خصوصی ہے، معاون خصوصی ایوان میں نہیں آتے بلکہ وزیر ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔

اپوزیشن نے ایوان میں شور شرابا کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی۔ ڈپٹی چیئرمین نے اپوزیشن اراکین کو منانے کیلئے سینیٹر اعجاز چوہدری و انوارالحق کو بھیجا لیکن اپوزیشن ارکان ایوان میں واپس نہ لوٹے، جس پر گھنٹیاں روک دی گئیں اور ایوان میں ممبران کی گنتی ہوئی تو کورم نامکمل نکلا، جس پر ڈپٹی چیئرمین نے سینیٹ اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.