ہر گزرتے دن کیساتھ افغانستان میں انسانی المیہ بڑھ رہا ہے،فواد چوہدری

سرد موسم میں افغانستان کے لوگ بدترین انسانی بحران سے دوچار ہیں، 19 دسمبر کو او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس میں افغانستان کے اندر انسانی المیہ کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی، خواہش ہے کہ دنیا افغانستان کی مدد کے لئے مل بیٹھے، افغانستان میں پیدا ہونے والا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے، ’’دی اکانومسٹ‘‘ نے گزشتہ ماہ اپنی رپورٹ میں افغانستان کے اندر انسانی المیہ کا ذکر کیا جو یمن، شام اور عراق سے بڑا ہو سکتا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کاسعودی سفارت خانہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ افغانستان میں انسانی المیہ بڑھ رہا ہے،سرد موسم میں افغانستان کے لوگ بدترین انسانی بحران سے دوچار ہیں، 19 دسمبر کو او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس میں افغانستان کے اندر انسانی المیہ کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی، خواہش ہے کہ دنیا افغانستان کی مدد کے لئے مل بیٹھے، افغانستان میں پیدا ہونے والا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے، ’’دی اکانومسٹ‘‘ نے گزشتہ ماہ اپنی رپورٹ میں افغانستان کے اندر انسانی المیہ کا ذکر کیا جو یمن، شام اور عراق سے بڑا ہو سکتا ہے۔

بدھ کو سعودی سفارت خانہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر ایسا میکنزم تشکیل دیا جائے جس سے افغانستان کے لوگوں کی مدد کی جا سکے، پاکستان افغانستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے، ہم دو لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان کو فراہم کر رہے ہیں،پاکستان نے افغانستان سے درآمد کی جانے والی 40 اشیاء پر ڈیوٹی ختم کی ہے، اس اقدام سے افغانستان کے کاروباری افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس بنیادی طور پر غیر سیاسی اجلاس ہوگا جس میں صرف افغانستان کی انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر مدد پر توجہ مرکوز کی جائے گی،ہماری خواہش ہے کہ دنیا افغانستان کی مدد کے لئے مل بیٹھے، افغانستان میں پیدا ہونے والا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے، ’’دی اکانومسٹ‘‘ نے گزشتہ ماہ اپنی رپورٹ میں افغانستان کے اندر انسانی المیہ کا ذکر کیا جو یمن، شام اور عراق سے بڑا ہو سکتا ہے،ایسی صورتحال میں ہمیں افغانستان کے عوام کی مدد پر توجہ دینی چاہئے، ہم سیاست پر بعد میں بھی بات کر سکتے ہیں لیکن افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی المیہ پر بات کرنے میں تاخیر نہیں کر سکتے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کی بات کی ہے، ہماری حکومت افغانستان میں امن کے لئے کوشاں ہے، او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس 1980ء کے بعد پاکستان کا سب سے بڑا خارجہ امور کا ایونٹ ہوگا،او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس میں 27 ممالک کے وزراء خارجہ شرکت کریں گے جبکہ 84 ممالک کی نمائندگی ہوگی،سعودی عرب کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات قیام پاکستان سے پہلے کے قائم ہیں، جب سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز 1946ء میں کراچی آئے تو آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت نے ان کا استقبال کیا جس میں مرحوم ایم اے ایچ اصفہانی بھی شامل تھے۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.