پاکستان کی ترقی میں کھیلوں کا اہم کردار رہا ہے۔ سیکرٹری اسپورٹس

کوئٹہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی پاکستان کی 75 ویں سالگرہ ڈائمنڈ جوبلی نہایت جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ کھیل کی جانب سے آج صوبائی دارالحکومت میں منعقد ہونے والے اٹھائیس مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے فاتح کھلاڑیوں میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ جس کے مہمان خاص متوقع طور پر وزیر اعلی بلوچستان اور گورنر بلوچستان ہونگے۔ یہ تقریب شام چار بجے نوری نصیر خان آڈیٹوریم بالمقابل ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی جائے گی۔ اور رات کو شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا اس حوالے سے گزشتہ روز سیکریٹری اسپورٹس میر عمران گچکی کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری اسپورٹس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس دُرا بلوچ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیویٹیز آصف لانگو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکیورٹیز کامران خورشید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد آصف فاروقی نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں سیکرٹری سپورٹس میرعمران گچکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں کھیل اور کھلاڑی کا اہم کردار رہا ہے۔ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں ہمارے کھلاڑیوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی پاکستان دنیا بھر میں کھیلوں کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ 14 اگست کے دن اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ پاکستان میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل کھیل دُرا بلوچ نے اپنے بیان میں کہا بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہیں۔ 2020 21 میں صوبہ بلوچستان میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کھیلوں کے سب سے زیادہ مقابلے منعقد کئے گئے ہیں جو کہ ایک تاریخ ہے۔ موجودہ حکومت نے کھیلوں کی ترقی کے لیے انتہائی اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس بات کی خوشی ہے کہ نوجوانوں کو بہترین سہولیات اور مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اور یہ سلسلہ یہاں رکے گا نہیں ہمارے پاس اور بھی پروگرام ہیں جن کو وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ کی مشاورت کے بعد جلد پیش کیا جائے گا

Leave A Reply

Your email address will not be published.