پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے، انہیں صحت مند سرگرمیوں سے جوڑنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے نوجوان کھلاڑی بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے مالک ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب سہولیات، تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے اپنے خصوصی فنڈ سے کوئٹہ، بالخصوص این اے 264 سریاب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں مختلف کھیلوں کا سامان اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کیں۔
تقریب میں فٹبال، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، باکسنگ، کراٹے سمیت مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کا ضروری سامان فراہم کیا گیا۔اس موقع پر مرد و خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ نوجوان کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان حاصل کرنے پر بھرپور جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔تقریب میں صوبائی سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان درا بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں میر فرید خان رئیسانی،شہزادہ خان کاکڑ، اسپورٹس ونگ کے صدر، حاجی میر ریاض احمد شاہوانی اور ہادی عسکری ہزارہ سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کوچز، کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے، انہیں صحت مند سرگرمیوں سے جوڑنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں،بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے مالک ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب سہولیات، تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ این اے 264 سریاب سمیت کوئٹہ کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرکے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکتا ہے بلکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے بھی دور رکھا جاسکتا ہے۔نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فٹبال، کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، باکسنگ، کراٹے اور دیگر کھیلوں میں ہمارے نوجوانوں نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم انہیں مزید مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی شرکت بھی انتہائی حوصلہ افزا ہے اور معاشرے میں خواتین کو کھیلوں سمیت ہر مثبت میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
حکومت، متعلقہ اداروں، سیاسی نمائندوں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر نوجوان نسل کے لیے بہتر کھیلوں کا ماحول پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور کوئٹہ خصوصاً این اے 264 سریاب کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں میں کھیلوں کا سامان اور کٹس تقسیم کی گئیں جبکہ کھلاڑیوں نے کھیلوں کے فروغ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔