بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سابق رکن قومی اسمبلی ثمینہ خان نے کہاہے کہ بلوچستان میں ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرکے حقیقی عوامی حکومت کا ثبوت دیا ہے اپوزیشن جماعتوں کے تمام کارتوس ختم ہوگئے ہیں عوام کو سڑکوں پر لانے کا ایجنڈا مکمل ناکام ہوا ہے یہ بات انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اپنی درخواست جمع کرانے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان میں اتحادیوں کی حکومت مضبوط ہے ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کئے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل تھی انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی تحریک پی ڈی ایم کے پاس عوام کو سڑکوں پر لانے کے تمام منصوبے ناکام ہوگئے ہیں اب محض وہ اپنی شرمندگی کو ختم کرنے کیلئے ریلیاں اور احتجاج کررہے ہیں عوام نے اپوزیشن جماعتوں کے ایجنڈے کو مسترد کردیا ہے موجودہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی 5سال مکمل کرینگی کسی کو فکر مند رہنے کی ضرورت نہیں۔