بابر، رضوان نے پروٹیز باؤلرز کا بھرکس نکال دیا، سیریز میں برتری

0 177

سینچورین ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان نے تیسرے ٹی ٹونٹی میں جنوبی افریقہ کو 9وکٹ سے شکست دیکر سیریز میں 1-2کی برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقی شہر سینچورین میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 203 رنز سکور کئے تو پاکستان نے بھی کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 18اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پاور پلے میں 64 رنز فراہم کئے ۔ اس دوران محمد رضوان نے اور بابراعظم نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ کپتان بابراعظم 59 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 15 چوکے اور 4چھکے شامل تھے جب کہ محمد رضوان 47 گیندوں پر 73 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2چھکے شامل تھے ۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے پہلے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم اور جانے من ملان نے پاور پلے کے 6اوورز میں 65رنز بنائے اور ٹیم کو 108 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ ملان 55 اور مارکرم 63 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بنے ۔جارج لنڈے نے 11گیندوں پر 22رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ وان ڈار ڈاسن 20 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ کپتان ہینرک کلاسن 15 رنز ہی بناسکے ۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد نواز نے 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم کی جانب سے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شرجیل خان، محمد حسنین اور عثمان قادر کی جگہ فخرزمان، حارث رؤف اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.