ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین ونگ کی صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی اختر بی بی کی ملاقات

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین ونگ کی صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی اختر بی بی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایس ایس پی نصیرآباد اسد اللہ ناصر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ محمد اسلم بنگلزئی، عبدالقیوم جوہر بنگلزئی، خان جان بنگلزئی سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ضلع نصیرآباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار علی کرار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نصیرآباد میں امن و امان کے قیام اور اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پولیس کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے مشترکہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کے مسائل براہ راست سنے جائیں اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین ونگ کی صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی اختر بی بی نے کہا کہ ہم سب کا مشترکہ مقصد مفاد عامہ میں موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کو یقینی بنانا ہے اور اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ عوامی مسائل کی نشاندہی کرے تاکہ ترجیحی بنیادوں پر ان کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت پاکستان مسلم لیگ (ن) وفاقی سطح پر بھی عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاکہ ملک بھر میں ترقی کا عمل تیز ہو اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نصیرآباد کی ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ہمدردانہ اور سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ شہری پرسکون اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور ضلع میں ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.