قلات میں آئی ٹی حب کا افتتاح، نوجوانوں کے لیے جدید تربیتی مواقع فراہم ہوں گے

قلات، 17 ستمبر 2026ء: گورنمنٹ کالج آف ایلیمنٹری ایجوکیشن قلات میں قائم آئی ٹی حب کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری اور 329 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر غلام فاروق نے فیتہ کاٹ کر مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ثناء اللہ ثناء، پرنسپل ایلیمنٹری کالج غزالہ رحیم، لیکچرار شمس پندرانی، ایس ڈی او بی اینڈ آر نوید موسیانی اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آئی ٹی حب کے ماسٹر ٹرینر اکرام مینگل نے شرکاء کو مرکز میں زیرِ تربیت طلبہ و طالبات کی تعداد، مختلف کورسز، تربیت کے دورانیے، وظائف اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری نے کہا کہ آئی ٹی حب کا قیام نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور ان کی تعلیمی و فنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی تعلیم، روزگار اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ایسے مراکز کے ذریعے طلبہ و طالبات کو جدید کمپیوٹر مہارتیں اور ڈیجیٹل تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ قلات کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئی ٹی حب کے ذریعے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے، آن لائن تعلیم حاصل کرنے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.