پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر تعمیرات ومواصلات میر سلیم احمد کھوسہ نے سکیورٹی فورسز کو ضلع قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے جوانوں کی پوری قوم مقروض ہے اور دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگردوں کو ہلاک کردیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا جس سے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور پوری قوم اس عزم پر قائم ہے کہ دہشتگردی کے ہر سہولت کار اور مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے دہشتگردی کے خلاف جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کی مقروض ہے اور دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا۔