آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی پلیئر زکی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی حاصل کرلی

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ کی تازہ جاری ہونے والی اپ ڈیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی حاصل کرلی، قومی ٹیم کی بیٹر شوال ذوالفقار 16 درجے ترقی کے بعد 29ویں نمبر پر پہنچ گئیں، جبکہ عائشہ ظفر نے 31 درجے کے ساتھ ٹاپ 40 میں جگہ بنالی۔شوال ذوالفقار نے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈونیشیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں 25 رنز بنائے، جبکہ سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل میں 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ان کی مجموعی کارکردگی کے نتیجے میں وہ کیریئر کی بہترین 558 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہیں اور پہلی مرتبہ ٹاپ 30 میں شامل ہوگئیں۔عائشہ ظفر نے بھی سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل میں 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس کے بعد وہ 31 درجے بہتری کے ساتھ 40ویں نمبر پر آگئیں۔

عائشہ ظفر کی ریٹنگ 489 پوائنٹس کی کیریئر بیسٹ سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ آل راونڈرز کی رینکنگ میں بھی وہ 9 درجے ترقی کرکے 30ویں نمبر پر آگئی ہیں۔باولرز کی رینکنگ میں پاکستان کی سعدیہ اقبال نے ایک درجہ بہتری حاصل کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن سنبھال لی، جبکہ قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا پانچ درجے ترقی کے بعد 24ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔

تازہ رینکنگ میں بھارتی کھلاڑی شری چارانی 799 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ باولنگ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ دیپتی شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقا کی میانے اسمٹ نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں سنچری کی بدولت بیٹنگ رینکنگ میں 63 درجے ترقی کرتے ہوئے مشترکہ طور پر 53ویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ اینیکے بوش نے پانچ میچوں میں 214 رنز بنانے کے بعد مزید آٹھ درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 46ویں نمبر پر جگہ بنالی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.