ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات
وزیر اعظم نے سمری اپنی ایڈوائس کے ساتھ صدر عارف علوی کو بھجوا دی
عاصم منیرسینئر ترین افسر ، آفیسرز ٹریننگ سکول منگلا سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی ، اعزازی شمشیر سے نوازا گیا ، فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا
نئے نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا فوج کیرئیر انتہائی شاندارہے،پی ایم اے سے تربیت مکمل کی ،شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی نگرانی بھی کی
اسلام آباد :وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سمری اپنے ایڈوائس کے ساتھ صدر عارف علوی کو بھجوا دی ہے ۔اتحادیوں اور وفاقی کابینہ نے بھی وزیر اعظم کی طرف سے اس فیصلے کی مکمل حمایت کی ہے ،دونوں سینئر فوجی افسران سینارٹی میں پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں ،آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے ،دونوں جس دن عہدہ سنبھالیں گے اسی دن انہیں جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی جائے گی ،جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے وہ موجودہ چیئرمین جنرل ندیم رضا کی جگہ لیں گے جو کہ 27 نومبر کو اپنے عہدے کی مدت مکمل کر کے ریٹائرڈ ہو جائیں گے جبکہ جنرل سید عاصم منیر 29 نومبر کو چیف آف دی آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالیں گے اور وہ موجودہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی جگہ تعینات کئے گئے ہیں جن کی چھ سالہ آرمی چیف کی مدت 29 نومبرکو مکمل ہو جائے گی ۔نامزدہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سینئر ترین افسرہیں ، جو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل نہیں ، انہوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول منگلا سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی ، دوران تربیت انہیں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا ، تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا ، جنرل عاصم منیر جو حافظ قرآن بھی ہیں ، ان کی اسائنمنٹس کا جائزہ لیا جائے تو وہ مضبوط پروفائل کے ساتھ سامنے آتے ہیں،جنرل عاصم منیر 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا خدمات انجام دینے کے بعد 2017ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے ، اکتوبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہیں ڈی جی ملٹری آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ، جہاں کچھ عرصہ خدمات کی اناجم دہی کے بعد انہیں جون 2019ء میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ، جنرل عاصم اکتوبر 2021ء سے جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔ جبکہ نئے نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا پاک فوج میں کیریئر شاندار خدمات پر محیط ہے ، پی ایم اے سے تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے سندھ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی ، اور مختلف اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے موجودہ مقام تک پہنچے،جنرل ساحر شمشاد مرزا گزشتہ سات سالوں کے دوران کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ، جنرل راحیل شریف کے آخری دو سالوں کے دوران انہوں نے آرمی چیف کی کور ٹیم کا حصہ رہتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز فرائض سرانجام دیئے ، اور شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی نگرانی بھی کی، جنرل ساحر شمشاد پاکستان، چین، افغانستان اور امریکہ پر مشتمل چار فریقی رابطہ گروپ میں انٹرا افغان مذاکرات کا حصہ بھی رہے ، انہیں سرتاج عزیز کی زیر قیادت گلگت بلتستان کیلئے اصلاحاتی کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دینے کا بھی موقع ملا، تھری اسٹار رینک پر ترقی کے بعد، انہیں چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا،مختصر عرصے کیلئے بطور ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو میں خدمات کی انجام دھی کے بعد انہیں اکتوبر 2021 ء میں، کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا ، جہاں انہوں نے کشمیر اور سیاچن جیسے علاقوں کی نگرانی کی ، وہ اپنے کیریئر میں تین بار یعنی بطور لیفٹیننٹ کرنل ، بریگیڈیئر اور پھر بطور میجر جنرل ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں تعینات رہے، انھوں نے بطور وائس چیف آف جنرل سٹاف ، ملٹری آپریشنز اور ملٹری انٹیلی جنس کی نگرانی بھی کی ۔ #/s#