نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی، رانا ثناء اللہ

نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ’ٹلی‘ بج گئی‘ جن کا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں‘
نواز شریف کے واپس آنے کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا۔ ن لیگی رہنماء کا وزیر داخلہ کو جواب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ’ٹلی‘ بج گئی ہے، جن کا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں، نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ جیونیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے واپس آنے کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا، قوم اپنے قائد کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے، نواز شریف وطن واپس آئیں گے تو عمران نیازی، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا سونامی لانے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، آپ کو جو کرنا ہے کریں جو کہنا ہے کہیں لیکن جانا تو پڑے گا کیوں کہ جن کا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں، بوکھلائے ہوئے عمران نیازی نے گھبراہٹ میں پارٹی آئین ہی ختم کر دیا، جب نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملنی لیکن عمران نیازی کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ ’بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘۔اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ نے نوازشریف کو وطن واپسی کیلئے جیب سے ٹکٹ دینے کی پیشکش کردی، شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ نوازشریف نے واپس آنا ہے تو انہیں میں اپنی جیب سے ٹکٹ کی پیشکش کرتا ہوں، شریف فیملی کے 3 لوگ جو موجود ہیں وہ بھی آجائیں، عمران کہیں نہیں جارہے اپنی مدت پوری کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ کر کے بیرون ملک گئے لیکن کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا اور نہ ہی کہیں سے علاج کرایا ہے جس کا مطلب ہے کہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ صحت مند ہیں، اب تو سننے میں آرہا ہے کہ وہ وطن واپس آرہے ہیں، اگر نوازشریف نے واپس آنا ہے تو انہیں میں اپنی جیب سے ٹکٹ کی پیشکش کرتا ہوں، شریف فیملی کے 3 لوگ جو موجود ہیں وہ بھی آجائیں، نوازشریف کے پاس اداروں کے خلاف باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ہے، اس سب کے باوجود عمران کہیں نہیں جارہے اپنی مدت پوری کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.