اورماڑہ، 29 ستمبر 2026: اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول گزی لین کا دورہ کرکے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تدریسی و تعلیمی سرگرمیوں، اسکول کے انفراسٹرکچر اور دستیاب بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، تعلیمی ماحول اور طلبہ کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی، حاضری میں بہتری اور تدریسی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے اسکول میں بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام و انتظامیہ کو ضروری اقدامات اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔
ڈاکٹر ماہ نور برکت نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سازگار اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے طلبہ سے بھی گفتگو کی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں، دلچسپیوں اور مستقبل کے عزائم کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر طلبہ کو محنت، باقاعدگی اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی گئی۔