مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مزدور اغوا کے بعد قتل
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد نے 11 کان کنوں کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم افراد کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرکے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر ان پر فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد مسلح افراد نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ، اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ واقعے میں کم از کم 11 کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں، لاشوں کو مچھ کے سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بلوچستان میں تشدد اور بد امنی کی نئی لہر اٹھی ہے۔ چند روز قبل آواران میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید کردیئے گئے تھے