اسلام آباد(اے اےن اےن) چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) سکندر قیوم نے اپنے دورہ نارتھ ریجن بلوچستان کے دوران آئندہ برف باری کے موسم میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے روڈ نیٹ ورک کو ٹریفک کیلئے کھلا رکھنے کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں، جن کے مطابق برف باری کے علاقوں میں این ایچ اے کی طرف سے برف باری ہٹانے کیلئے متعلقہ علاقوں میں سائٹ کیمپ جلد از جلد لگائے جائیں گے اور سڑک سے برف ہٹانے کیلئے مشینری کو بھی متعلقہ سائٹ کیمپ پر پہنچا دیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں سڑک کو بروقت ٹریفک کی روانی کیلئے کھولا جاسکے۔انہوں نے وہاں تعینات این ایچ اے کے آفیسرز سے کہا کہ وہ لوکل ایڈمنسٹریشن اور علاقے کے معتبرین سے رابطہ میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہر متعلقہ سائٹ کیمپ میں خوراک کے سامان کا بندوبست کیا جائے تاکہ برف باری کے دوران کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام کی بروقت امداد کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں غفلت برتنے پر متعلقہ ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔