اُستا محمد، 29 ستمبر 2026: وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد رمضان پلال کی زیر صدارت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اُستا محمد میں خواتین کی کھلی کچہری منعقد ہوئی۔
کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر اُستا محمد ماریہ شمون، ڈی ایس پی اُستا محمد داؤد کھوسہ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) قندیل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امیر علی، پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج نگہت جان، پرنسپل گورنمنٹ بوائز کالج عبیداللہ سمیت مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکموں کے افسران کے سامنے پیش کیے۔
خواتین نے شہر کی صفائی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، سکیورٹی، پانی کی فراہمی، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی عمارت کی بحالی، گرلز لائبریری، گرلز کالج کی عمارت، گیس کی عدم دستیابی، اسکول کے سامنے ٹریفک اور چھٹی کے اوقات سے متعلق مسائل اور تجاوزات سمیت مختلف عوامی مسائل کی نشاندہی کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے خواتین کے مسائل غور سے سنے اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پیش رفت سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی کھلی کچہری کا مقصد خواتین کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سرکاری محکموں تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔چوتھی قسط مکمل۔