وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیف سٹی اتھارٹی امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے جرائم اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کے رسپانس میکنزم کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اتھارٹی کی کارکردگی، نگرانی کے نظام، جرائم کی روک تھام اور ادارے کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پولیس محمد طاہر خان نے اجلاس کو سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی اور مختلف اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کے مؤثر نگرانی کے نظام کے ذریعے ملک بھر سے چوری شدہ 138 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، 9 مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کے نتیجے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی ۔